Sirfaraz age is over bye jeson galespi

 


پاکستان ریڈ بال ٹیم کے کوچ جیسن گلسپی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کی عمر بڑھ رہی ہے، ہمیں کہیں نہ کہیں نیا خون لانا ہوگا۔


اقبال اسٹیڈیم میں جاری چیمپئنز کپ کے دوران کمنٹری میں گفتگو کرتے ہوئے جیسن گلسپی نے کہا کہ کھلاڑیوں پر بھروسہ کرنا اور ان کو اعتماد دینا بہت اہم ہے، پلیئرز کا مورال بلند رکھنے کیلئے ان کو یہ باور کرنا ضروری ہے کہ ہمیں ان پر بھروسہ ہے۔


انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں نتائج ہمارے حق میں نہ تھے مگر ایک بری سیریز کے بعد جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے کیونکہ یہ سب اچھے کھلاڑی ہیں، کوئی راتوں رات اپنی صلاحیت نہیں کھو دیتا، ایک یا دو خراب سیریز ان کو برا پلیئر نہیں کرسکتی۔


اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے جیسن گلسپی نے کہا کہ ہم نے بنگلہ دیش کے خلاف حصوں میں اچھا کھیلا، اس میں تسلسل ضروری ہے اور ہم نے انگلینڈ کے خلاف اسکواڈ کو بنگلہ دیش سیریز سے زیادہ مختلف نہیں رکھا، پلیئرز کی فٹنس کا معاملہ کنٹرول ہوسکتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ اگر کسی کی ناکامیوں کا سلسلہ طویل ہوگا تو دیکھیں گے کہ کیا تبدیلی لانی ہے اور ہوسکتا ہے کہ ہم آنے والے دنوں میں کہیں کہیں نوجوان ٹیلنٹ کو بھی ٹیسٹ میں آزمائیں۔


دائیں ہاتھ کے بیٹر کامران غلام کے بارے میں جیسن گلسپی نے کہا کہ کامران غلام کو شاہینز کے ساتھ بھی دیکھا تھا ، وہ اچھا پلیئر ہے ، میں ان کی فارم اور پرفارمنس سے واقف ہوں، وہ ہماری پلاننگ میں ہے، پلیئرز کو اعتماد دیتے ہیں تو ہی ان سے بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔


چیمپئنز کپ کے دوران کمنٹری میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ پلیئرز کے ورک لوڈ مینجمنٹ پر گیری کرسٹن سے بھی بات ہوئی ہے، ہر فارمیٹ کھیلنے والے تمام پلیئرز کا ورک لوڈ ذہن میں ہے، ہمیں موجودہ پلیئر کو اعتماد دینا ہے۔


انہوں نے کہا کہ میں یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ ہم اپنے ہر فارمیٹ پلیئرز کی دیکھ بھال کریں، ہمیں 11 کھلاڑیوں سے بالاتر ہوکر ایک اسکواڈ کی سوچ اپنانا ہوگی۔


جیسن گلسپی نے کہا کہ انگلینڈ سیریز سے مصروف سیزن شروع ہونا ہے جس میں آرام بالکل نہیں ملنا لہٰذا مستقبل کی مصروفیات دیکھ کر پلیئرز کو چیمپئنز کپ کے بقیہ میچز سے روکا ہے۔


ہیڈ کوچ ریڈ بال ٹیم نے کہا کہ اسپن کے شعبے میں بھی کچھ نوجوان پلیئرز سامنے آئے ہیں، نوجوان پرفارمرز کو شاہین کے ساتھ غیر ملکی ٹوورز کا تجربہ دیں گے، کنکشن کیمپ میں پلیئرز نے کافی مثبت خیالات کا اظہار کیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ شان مسعود کو کپتان بننے کے بعد چیلنجز کا سامنا رہا تھا کیونکہ ان کا بطور کپتان آغاز اچھا نہ تھا لیکن ان کی لیڈرشپ نے مجھے متاثر کیا ہے اور پاکستان کرکٹ کے لئے میری اور شان مسعود کی سوچ یکساں ہے۔


جیسن گلسپی کا کہنا ہے کہ مجھے آئے ہوئے چند ماہ ہی ہوئے ہیں، میں پلیئرز کو سمجھنا شروع کرچکا ہوں، میں نے یہاں اپنے سبق بھی سیکھے، ان ایریاز کو پہچانا جہاں بہتری کی ضرورت ہے۔


ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خواہش تھی کہ شاہین آفریدی پہلا ٹیسٹ چھوڑ کر فیملی کو وقت دیتے کیونکہ میری سوچ میں فیملی کو ہمیشہ ترجیح ہونا چاہیے۔

Comments